لاہور (جیوڈیسک) اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ’’دوسرا‘‘گیند کے غیر موثر ہونے کا تاثر درست نہیں ہے،کسی بیٹسمین کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ میں کب اپنا مہلک ہتھیار آزماؤں گا۔
جنید خان کے مطابق 2گیندوں کے استعمال نے فاسٹ بولرز کیلیے ریورس سوئنگ مشکل بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ بیٹسمین میری بولنگ کو سمجھ چکے اس لیے کھیلنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ کسی کو معلوم ہوتا ہے کہ میں اسے کب ’’دوسرا‘‘ کے ذریعے چیلنج کرنے والا ہوں، اچھی اور منفرد ورائٹی کی گیند پڑنے پر ہی وکٹیں ملتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سری لنکا کی پچز فلیٹ ہونے پر کوئی پریشانی یا خوف محسوس نہیں کرتا،آج کل کی کرکٹ میں 90 فیصد ٹریک ایسے ہی ہوتے ہیں،بولر کو صرف مثبت ذہن کے ساتھ پرفارم کرنے کیلیے تیار رہنا چاہیے۔
جنیدخان نے کہا کہ کائونٹی کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت مورال بلند اور اچھے ردھم میں ہوں، سری لنکا میں کھیلنے کا تجربہ بھی ہے، میزبان ٹیم کے ٹاپ کلاس بیٹسمینوں کی وجہ سے کوئی گھبراہٹ نہیں۔انھوں نے کہا کہ 2 نئی گیندوں کے استعمال کی وجہ سے دنیا بھر کے فاسٹ بولرز ریورس سوئنگ کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں، ہمارے بولرز بھی جونیئر ہیں، میں خود صرف 8یا10 ٹیسٹ کھیلا ہوں۔
وسیم اکرم اور وقار یونس بھی کبھی جونیئر تھے لیکن بتدریج کارکردگی میں نکھار آتا گیا، وقت کے ساتھ ہماری پرفارمنس بھی نکھرتی جائے گی۔