لاہور : مرکزی امیر تحریک اُویسیہ پاکستان، پیر غلام رسول اُویسی، مرکزی سینئر نائب امیر،سید عرفان احمد شاہ اور مرکزی ناظم اعلیٰ پیرتبسم بشیراُویسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نااہلیت اور کالعدم میں کچھ خاص فرق نہیں دونوں ہی آئین و قانون کی نظر میں مجرم ہیں۔ایوانوں میں بیٹھے قوم سے تنخواہیں وصول کرنے والے ایک شخص کیلئے قانون سازی کرسکتے ہیں تو20کروڑ عوام کیلئے کیوں نہیں کرسکتے ؟ایک طرف پاک فوج کے جوان ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں تو دوسری جانب ساری جمہوریت لندن سے سبق لے کرپارلیمنٹ میں جعلی قانون سازی کررہی ہے۔
قوم ایسی قانون سازی کوتسلیم نہیں کرتی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قلت نے عوام کاجینامشکل کررکھاہے۔ منتخب نمائندے ایک نااہل شخص کو ریلیف دینے کیلئے جان لڑارہے ہیں۔حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غر یبوں کا خون نچوڑ اجارہاہے ۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے زیادتی ہے حکومت فی الفور اضافہ واپس لے۔ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے حالات دیکھ لیں جوشخص عدالتوں میں اپنی اہلیت ثابت نہ کرسکااسے کو پارٹی صدر بنائے رکھنے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے۔