کراچی (جیوڈیسک) خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی غلط ترجیحات نا اہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملک کے اہم ترین شہر کو نظر انداز کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم اپنے ووٹرز اور اتحادیوں کو خوش کرنے کے لیے مخصوص علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر رہے ہیں جو سیاسی رشوت کے مترادف ہے۔ وزیر اعظم بتا دیں کہ وہ ملک کے کن علاقوں کے وزیر اعظم ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گزشتہ ایک سال سے ملاقات کا وقت مانگ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ نا انصافیاں ختم نہ ہوئیں تو ایم کیو ایم بڑا دھرنا بھی دے سکتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی حیدر آباد موٹروے ایم نائن منصوبہ اور سی پیک منصوبہ عوامی امنگوں کے مطابق پورا کیا جائے اور کراچی سرکولر ریلوے کو بھی بحال کیا جائے۔