کراچی : پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہو شر با اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مسلسل دس مہینوں سے غریب عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، حکومت کے پاس کوئی معاشی پلا ن نہیں ہے، ان کا مقصد ایک مخصو ص ایجنڈا تھا جو پورا ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ قوم نے تاریخ میں اس قدر نالائق اور نا اہل حکومت کبھی نہیں دیکھی، غریب عوام کی جیبوں پر جان بوجھ کر بوجھ ڈالا جا رہا ہے اس ملک میں جو بھی معاشی بربادی ہوئی ہے وہ سب آئی ایم ایف کے کہنے پر ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس ملک کا تاجر پریشان ہے ملک میں فیکٹریاں اور کارخانے بند ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت دو وقت کی روٹی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں لوگوں کے پاس ذریعہ معاش نہ ہونے کے باعث عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے اگر عوام سڑکوں پر نکلی تو ان سے ایک دن بھی حکومت کرنا مشکل ہو جائے گا، تحریک انصا ف کی حکومت نے عوام کی زندگی کو مشکلات اور بحرانوں میں ایسا الجھایا ہے کہ عام آدمی معاشی پریشانی کے بھنور سے نکل ہی نہیں پارہا اور عوام کی اس الجھن کا حکمران بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کبھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں اور کبھی گیس یا بجلی کی قیمت بڑھا دیتے ہیں ، تحریک انصاف ا س وقت مکمل طور پر آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ ان کی کسی بھی پالیسی سے ان کے بیرونی آقا ناراض نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مفاد کی جنگ لڑتی رہے گی ، تحریک انصاف کو عوام اور ملک کو تباہ کرنے کی کھلی چھوٹ کبھی نہیں دیں گے ہماری جماعت اور ہمارے قائدین نے اس ملک کے لیئے جان کی قربانیاں دیں ہیں ہم اپنی آنکھوں سے اپنے وطن کو تباہ ہوتا نہیں دیکھ سکتے اس کی حفاظت کے لیئے تب تک لڑیں گے جب تک ہمارے جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے لیے حکومت تمام تر ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے گرفتاریوں کی آڑ میں حکومت نے مہنگائی کا جو پہاڑ عوام پر گرایاہے اس سے بھی پوری قوم واقف ہو چکی ہے۔
مہنگائی اور معاشی بدحالی آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے کی گئی، ترجمان یوتھ ونگ