کراچی (جیوڈیسک) مہنگائی کے باعث عوام کی آمدنی کا بڑا حصہ جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے میں ہی خرچ ہو جاتا ہے ایسے میں بھلا بچت کیسے ہو؟ مہنگائی کے باعث منافع کی شرح میں اضافے کے باوجود قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کا رجحان گھٹ رہا ہے اسٹیٹ بینک کے مطابق صرف دسمبر کے دوران 22 ارب روپے سے زائد کا سرمایہ قومی بچت اسکیموں سے نکال لیا گیا۔
جبکہ اس دوران محض 2 ارب 36 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی گزشتہ سال اس ماہ کے دوران 13 ارب 47 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کے باعث ان اسکیموں میں رکھے سرمائے کی قدر میں بھی کمی ہو رہی ہے جسکے باعث قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کا رجحان گھٹ رہا ہے جبکہ منافع کی شرح کے مقابلے مہنگائی کی بلند شرح نے بھی بچت کو مشکل ترین بنا دیا ہے۔