اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے مہنگائی کے مارے عوام کے لیے اچھی خبر سنائے جانے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن حکام کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری موصول ہوئی ہے۔ جس کی منظوری سے پٹرولیم مصنوعات 2 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہےْ۔
اوگرا نے اپنی سمری میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم لیوی میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔ سمری میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج شام کو ہو گا۔
واضح رہے کہ 31 مارچ کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔