گوجرانوالہ : شباب ملی پاکستان کے نائب صدر فرقان عزیز بٹ نے کہا ہے کہ بد ترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومتی ارکان اسمبلی اور اپوزیشن ارکان ا س اہم مسئلہ پر اس شدت سے نہیں بولتے جس کی عوام ان سے توقع رکھتے ہیں۔ البتہ میڈیا کبھی کبھار مہنگائی کو بھی موضوع بناتا ہے۔ لیکن اکثر وبیشتر اس کے بھی موضوعات دوسرے ہوتے ہیں ادھر غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے۔
وہ دن بدن زندہ درگو ر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں تو ہمیشہ اپنی کامیاب پالیسیوں کے چرچے کرتی ہیں لیکن عوام الناس کے پاس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کا ایک پیمانہ ہے اور وہ اشیائے صرف کی قیمتیں ہوتی ہیں۔
موجودہ حکومت سے عوام نے توقع باندھی تھی کہ ان کے آنے سے اور کچھ نہ ہو معاشی استحکام ضرور آئے گا اور مہنگائی کے بے قابو جن کو کسی بوتل میں بند کرکے مہنگائی سے قدرے نجات مل جائے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے بڑھنے میں جی ایس ٹی میں اضافہ، آئی ایم ایف سے قرضہ،قرضوں کی معیشت ،بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار، پرائس کنٹرول سے بے اعتنائی اور کرپشن اور شاہانہ اخراجات جیسے اقدامات کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔