مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے: شہباز بخاری

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکمران محض بیان بازیوں سے کروڑوں پاکستانیوں کو لولی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔ پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کے تحفظ کی کوئی بات نہیں ہوتی۔ حکمران اور برسراقتدار جماعتیں ایک دوسرے کے خاندانوں اور اپنے عزائم کو تقویت دینے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملکی صورتحال پر شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

گرینڈ ننجا ماسٹرسید شہباز بخاری نے کہا کہ 2 جماعتیں اپنے دور اقتدار میں بلدیاتی انتخابات نہ کرواکے عوام کیساتھ زیادتی کررہے ہیں، بلدیاتی طرز حکومت ہی اصل جمہوریت ہے جبکہ چند خاندان وفاقی، صوبائی طرز حکومت میں اپنے وسیع مفاد کی خاطر ملک میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے مہنگائی نے خود کشیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ وعدوں کے مطابق حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ہر روز عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا اور ہر روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل بنایا جارہا ہے۔ محمد عثمان (سٹریم لائن) نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی عام اشیاء روزبروز مہنگی ہورہی ہیں۔ گھی،چینی،دالوں اورسبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں ہر جگہ مہنگائی کا طوفان برپا ہے ایک عام آدمی اپنے بچوں کی دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے پریشان نظر آتا ہے۔محمد فیصل نے کہا کہ ملک میں اس قدر مہنگائی ہوچکی ہے کہ ایک ماہ کے راشن کی خریداری کرلینے کے بعد تنخواہ دار طبقہ اور مزدور کے پاس بجلی،پانی،گیس اور دیگر اخراجات کیلئے کچھ باقی نہیں بچتا۔تحریک انصاف کے رہنمااحمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف چوری ڈکیتیوں اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے وطن عزیز میںانسانوں کے سکون کو تباہ وبرباد کردیا ہے حکمران طبقہ اور ان کے منظور سرمایہ داروں کے سوا ہر شخص پریشان ہے۔

ملک کو قرضوں کے مزید بوجھ تلے دبا دیا گیا ہے اور خوشحالی صرف دعوو ں میں رہ گئی ہے۔ عوام الناس کا سکون تباہ وبرباد ہوگیا ہے جبکہ حکمران اور ان کی حلیف جماعتیں قوم کے سامنے اپنے وعدوں کے پورا نہ کرسکنے پر شرمندگی کی بجائے ڈٹ کر جھوٹ بولتے ہیں کہ ملک ترقی کررہا ہے اور پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کی کرپشن پر پردے ڈالنے کے سوا کوئی کام نہیںہورہا۔ شہریوں نے حکمرانوں اور برسراقتدار طبقہ سے اپیل کی ہے کہ سنجیدگی سے عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ناکہ ڈنگ ٹپائو سکیموں اور جھوٹے بیانات پر کام چلایا جائے۔