کراچی (جیوڈیسک) ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.15 فیصد اضافہ ہو گیا تاہم سالانہ بنیادوں پر 1.57 فیصد کمی ہوئی۔
پاکستان بیور وشماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 30 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 29 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 13.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔
جس کے نتیجے میں ٹماٹر 46.84 روپے فی کلوگرام ہوگیا، اس کے علاوہ انڈے کی اوسط قیمت 6.69 فیصد کے اضافے سے 97.62 روپے فی درجن ہو گئی جبکہ چائے کی پتی 3.67 فیصد بڑھ کر 161.09 روپے فی 200 گرام، آلو 1.81 کے اضافے سے 28.12 روپے فی کلوگرام، لہسن 1.34 فیصد بڑھ کر 150.07 روپے فی کلوگرام، بکرے کے گوشت کی 0.86 فیصد کے اضافے سے 612.02 روپے فی کلوگرام، دال چنے کی قیمت0.68 فیصد کے اضافے سے 111.38 روپے فی کلوگرام، پیاز کی 0.60 فیصد کے اضافے سے 43.43 روپے فی کلوگرام، گائے کے گوشت کی 0.32 فیصد کے اضافے سے 309.47 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔
جبکہ باسمتی ٹوٹاچاول، سرخ مرچ پاؤڈراور آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا تاہم کیلے، ایل پی جی، مرغی، گھی،پکانے کے تیل (ٹن) دال ماش، چینی سمیت 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔