کراچی (جیوڈیسک) افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی۔ پاکستان بیور و شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 23 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کا اشاریہ (ایس پی آئی) ہفتہ وار بنیادوں پر 0.17 فیصد کم ہو گیا تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 9.54 فیصد اضافہ ہوا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 21 نومبر 2013 کے بعد سے ایس پی آئی بیسڈ افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر مسلسل کمی آ رہی ہے، اس دوران صرف 1 ہفتے کے دوران افراط زر کی شرح 0.17 فیصد بڑھی جبکہ 8 ہفتوں میں کم ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق 23 جنوری 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے میں 53 میں سے 18 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 26 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، حساس قیمتوں کے اشاریے میں نسبتاً کم ویٹیج رکھنے والی اشیا کی قیمتیں بڑھیں تاہم یہ اضافہ بھی نسبتاً کم رہا جبکہ انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والی اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں اور نسبتاً زیادہ کم ہوئیں جس کی وجہ سے 18 اشیا مہنگی ہونے کے اثرات زائل ہو گئے اور حساس قیمتوں کا اشاریہ نیچے آگیا۔