افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے 0.23 فیصد کا اضافہ

Vegetable

Vegetable

کراچی (جیوڈیسک) ملک میں افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے 0.23 فیصد کا اضافہ ہوا۔ پاکستان بیور و شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 4جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.23 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 0.89 فیصد کا اضافہ ہوا۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ مہنگائی ہفتہ وار بنیادوں پر 35ہزار روپے سے زائد کمانے والوں کیلیے 0.37 فیصد، 18ہزار تا35ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کیلیے 0.21فیصد، 12ہزار تا 18ہزار روپے تک کمانے والوں کیلیے 0.13فیصد، 8ہزار تا 12ہزار روپے کمانے والوں کیلیے 0.09 فیصد اور 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کا اضافہ ہوا، اس دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ آلو کی قیمت میں 7.03 فیصد، پٹرول کی قیمت میں 4.55 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں4.12 فیصد، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4.01 فیصد، فارمی برائلر مرغی زندہ3.65 فیصد، پیاز 2.36 فیصد، ایل پی جی سلنڈر 2.30 فیصد، دال چنا1.35 فیصد، گڑ 0.97 فیصد، چینی0.93 فیصد، دال مونگ 0.69 فیصد، انڈے0.66 فیصد، دال ماش0.50 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی0.44 فیصد، سگریٹ0.39 فیصد، دال مسور0.31 فیصد، چائے کی پتی0.19 فیصد، لان پرنٹڈ0.18 فیصد، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.13 فیصد، بکرے کے گوشت 0.10 فیصد، جلانے کی لکڑی0.08 فیصد اور بغیر ہڈی کے گائے کے گوشت کی قیمت میں 0.03 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر8.46 فیصد، لہسن3 فیصد، آٹا0.73 فیصد، گندم0.54 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن)0.54 فیصد، پکانے کا تیل (ٹن)0.53 فیصد، سرسوں کا تیل0.32 فیصد اور کیلے0.28 فیصد سستے ہو گئے۔