مہنگائی کی لہر نے جہاں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو متاثر کیا ہے، انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن
Posted on December 24, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد : انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس زیرصدارت صدر چوہدری محمود احمد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری رانا محمد سکندر اعظم نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی لہر نے جہاں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو متاثر کیا ہے وہاں انسٹالمنٹ کا کاروبار کرنے والوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہوشربا مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے اوران کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ رانا سکندر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پہلی ششماہی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے غریب آدمی کے گھر کا چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے۔ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے انڈسٹری کا پہیہ جام ہو گیا ہے اور لاکھوں مزدور بیکار ہو چکے ہیں مگر حکومت سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہے اور وفاقی وزراء عوام کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔ ایسے حالات میں وہ قسطوں پر بھی روزہ مرہ اشیاء نہیں خرید سکتے۔ جس کی وجہ سے انسٹالمنٹ کی دوکانیں اور شوروم ویران ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے چھوٹے تاجر کا کچومر نکال دیا ہے۔
بجلی و گیس کے بل ادا کرنا لوگوں کی دسترس سے باہر ہو گیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مہنگائی کم کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کرے ورنہ عوام کے پاس خودکشیوں کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔ اجلاس سے ملک غضنفر علی اعوان’ سید ناظم علی شاہ’ مرزا عبیداللہ مغل’ چوہدری محمد شفیق اور حاجی حبیب الرحمن نے بھی خطاب کیا اور حکومت سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے مناسب حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے ممبران ارشاد علی سندھو’ محمد بلال’ محمد امجد کمال’ چوہدری اسد علی’ نور محمد’ حبیب اللہ’ حیدر بھٹی’ محمد احسن’ حلیم رضا’ شاہد علی’ منصور انور’ محمد اشفاق’ محمد فاروق گل’ حاجی محمد اسلم بیگ’ عمران فاروق’ سید شکیل شاہ اور محمد وقاص نے شرکت کی اور انسٹالمنٹ کا کاروبار کرنے والوں کو درپیش مشکلات کا احاطہ کیا۔ممبران نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں میں قوت خرید بالکل ختم ہو گئی ہے اور انسٹالمنٹ کا کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پر زور دیا کہ انہوں نے تاجروں سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورے کریں اور انسٹالمنٹ کا کاروبار کرنے والوں کو ریلیف دینے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com