کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ لاکھوں مکانات اور کروڑوں نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے اقتدار میں آنے والی حکومت نے تو عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کی نا اہلی اور نا تجربہ کاری کا خمیازہ ایک عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہا ہے، اس وقت بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت اشیائے خوردونوش کے نرخ بھی آسمان کی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں ، کھانے پینے اشیاء عوام کی دسترس سے دورہوچکی ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاءوس کراچی سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری نے کہا کہ ن لیگ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے شرائط کو پورا کرنے کے لیئے عوام کا خون چوس رہی ہے۔
اقتدار کے نشے میں دھت حکمرانوں کو عوام سے زیادہ سے اپنے اقتدار اور عیش و آرام کی فکر ہے، تحریک انصاف کے نا اہل لوگوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی تما م پالیسیاں عوام دشمن ہیں اور موجودہ حکومت سے عوام کی بہتری اور خیر خواہی کی کوئی توقع نہیں ہے، عمران خان کا مقصد اقتدار کا حصول تھا جو انہوں نے چور راستوں سے حاصل کر لیا اب عوام اور ملک جس بھی سمت چلتا رہے اس سے ان کو کوئی سروکا ر نہیں ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اس بیماری کی مانند ہے جو آہستہ آہستہ ملک و قوم کوتباہی کی جانب لیکر جارہی ہے، سیاسی مخالفین کے انتقام کے چکر میں حکومت نے عوام کو بھی مہنگائی اور دیگر مسائل کے ایسے بھنور میں پھنسا دیا ہے جس کا دور دور تک کوئی حل نظر نہیں آرہا، تحریک انصاف کی حکومت صرف عوام کو وقت اورپیسہ ضائع کر رہی ہے ، لارے لپوں اور آسروں والی حکومت بہت جلد اپنے گھر واپس جانے والی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک تحریک انصاف کی حکومت رہے گی عوام پریشان رہے گی کیونکہ یہ وہ لوگ ہی نہیں ہیں جو عوامی فلاح یا ملکی ترقی کے لیئے اقتدار میں آئے ہوں یہ لوٹوں کا ٹولہ صرف لوٹ مار کرنے آیا ہے۔