کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) کچھ با اثر شہریوں کی واپڈا والوں سے ملی بھگت کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے بستی جھرکل اندھیروں میں غرق۔ بارشوں کے باعث ٹرانسفارمر خراب ہو گیا تھا اور 3 روز قبل ٹرانسفارمر کو واپڈا والے اتار کر لے گئے لیکن اب واپس نہیں لگا رہے ہیں۔ اگر ان کو فون کر کے کہا جاتا ہے تو 55 ہزار روپے کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔
اعلیٰ حکام نوٹس لیں اور جمعہ کی نماز سے پہلے ٹرانسفارمر نصب کروائیں ورنہ پر امن احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار بستی جھرکل کے چوہدری ارشد سمیت تمام رہائشیوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث جھرکل کے ٹرانسفارمر میں دھماکے ہوئے تھے جس کے باعث پوری بستی اندھیروں میں ڈوب گئی تھی۔ واپڈا والوں کو اطلاع دی تو وہ 3 روز قبل ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے اور فی گھر 200 روپے کی ڈیمانڈ کرنے لگے۔
اور تا حال ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا جس کے باعث پوری بستی میں لائیٹ نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ گھروں میں پانی کی بوند بوند کو لوگ ترس گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر واپڈا والوں کو فون کر کے ٹرانسفارمر نصب کرنے کا کہا جاتا ہے تو وہ 55 ہزار روپے کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اس کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر جمعہ کی نماز سے پہلے ٹرانسفارمر نصب نہ کیا گیا تو پر امن احتجاج کریں گے۔