بااثر افراد نے محنت کش شریف شہری کے گھر پر قبضے کیلئے دھاوا بول دیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) بااثر افراد نے محنت کش شریف شہری کے گھر پر قبضے کیلئے دھاوا بول دیا۔ملزم ناصر جمال بٹ اپنے عزیز سہیل اور تین نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کاج اوورلاک کر کے گزر اوقات کرنے والے نظام آباد کے رہائشی ریاض احمد کے گھر داخل ہوا اور ساتھیوں کیساتھ ملکر وہاں موجود افراد کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھر سے دھکے دیکر بے دخل کر دیا۔

ملزمان نے گھر میں موجود خواتین اور دودھ پیتے بچوںکو بھی نہ بخشااور انہیں بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ملزمان نے غریب خاندان کے گھر کا سامان ایک ایک کر کے اٹھا یااوردروازے اور چھت کے رستوں سڑک پر پھینک دیا۔ایس ایچ او تھانہ صدر نے بروقت مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کو موقعہ سے پکڑلیا۔متاثرہ خاندان کے سربراہ ریاض نے بتایا کہ اس کی بہو شگفتہ اسے ملزمان سے بچانے کیلئے آگے آئی تو ملزمان نے اس پر بھی تشدد کیا ۔ غریب خاندان کو گھر سے اسلحہ اور طاقت کے زور پر تشدد کا نشانہ بنا نے ،بے دخل کرنے اورسامان کوگھر سے باہر پھینکنے کے واقعہ کے بعدعلاقہ میں شدید خوف یاوہراس پھیل گیا۔

بااثر ملزمان کے سامنے متاثرہ خاندان منتیں سماجتیں کرتا رہا مگر انہیں ذرا برابر ترس نہ آیا۔ پولیس تھانہ صدر کو واقعہ کا علم ہوا تو ایس ایچ او محمد طارق ڈھڈی نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے متذکرہ قبضہ کے اصل محرک ناصر جمال بٹ کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ملزم کو ریمانڈ کی غرض سے عدالت میں لانے والا اے ایس آئی وکیل احمد کوریج کرنے والے صحافیوں کو دھمکیاں دیتا رہا کہ اگر وہ واقعہ کومنظر عام پر لائیں گے تو انہیں برے نتائج بھگتنا ہوں گے مقامی عدالت سے ملزم کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس تھانہ صدر کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

عوامی، سماجی حلقوں اور علاقہ کے لوگوں نے بااثر افراد کے غریب خاندان پر ظلم کے اس واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کیخلاف سخت کاروائی کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف دیا جائے۔