لاہور (جیوڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں گلوکاری کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھر فلم انڈسٹری کی طرح موسیقی کا شعبہ بھی شدید بحران سے دوچار ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں بڑی تیزی کے ساتھ گلوکاری کے شعبے میں نئے لوگ سامنے آ رہے ہیں جو انتہائی محنت کے ساتھ اپنا نام بھی بنا رہے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فن وثقافت کے فروغ کے لیے بنائے جانے والے اداروں کو کام کرنا ہو گا۔
ملک کے کونے کونے سے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے ساتھ انھیں بہتر کام کے مواقع بھی فراہم کرنا ہونگے، اگر ایسا کر لیا گیا تو پاکستان میں موسیقی کا شعبہ کبھی بحران کا شکار نہیں ہو سکے گا۔