ابوظہبی (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ابو ظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے دوران سر پر بال لگنے کے باعث زخمی ہونے والے قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں احمد شہزاد کے سر میں گیند لگنے کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں ان کے سر میں ہیئر لائن فریکچر کی تشخیص ہوئی۔ ڈاکٹر نے احمد شہزاد کو 6 سے 8 ہفتے کے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد احمد شہزاد نیوزی کے خلاف جاری ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی جانب سے آرام کے مشورے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے احمد شہزاد کو فوری طور پر وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ابو ظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں احمد شہزاد نیوزی لینڈ کے بالر کورے اینڈرسن کی بال سر پر لگنے کے باعث زخمی ہو گئے تھے انہوں نے 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔