شدید زخمی نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی بجائے مقامی پرائیویٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا
Posted on April 17, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : :شہر کی اہم شخصیت کے ملکیتی “وکی ہوٹل” ایوب چوک جھنگ صدر میں گزشتہ رات پر اسرار واردات کے دوران گڑھ مہاراجہ کے نوجوان کا عضو تناسل اور زبان کاٹ دی گئی جبکہ متاثرہ نوجوان کی ایک ہفتہ بعد شادی ہونے والی تھی نیز تھانہ کوتوالی پولیس نے متاثرہ نوجوان یا اس کے اہلخانہ کی بجائے ہوٹل کے منیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور شدید زخمی نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی بجائے مقامی پرائیویٹ ہسپتال منتقل کردیا گیاہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ میں درج کرائے گئے مقدمہ نمبر 398/14 بجرم 334/34ت پ میں بنائے گئے مدعی وکی ہوٹل جھنگ کے منیجر نے مؤقف اختیار کیاکہ وہ اپنے گھر میں موجود تھا کہ پونے چار بجے شام اسے اطلاع ملی کہ وکی ہوٹل کے کمرہ نمبر 6میں موجود نوجوان محمد عامر سلیم ولد ملازم حسین قوم گازر سکنہ منڈا چوک گڑھ مہاراجہ تحصیل احمد پور سیال کا عضو تناسل اور زبان کاٹ دی گئی ہے جس پر وہ جب دیگر گواہان ممتاز حسین قدیانہ اور یوسف علی ملاح کے ہمراہ کمرہ نمبر 6میں پہنچا تو زخمی عامر سلیم نے اسے بتایاکہ وہ اسلام آباد سے آیا ہے اور قریب ساڑھے 5بجے کمرہ نمبر 6کرایہ پر لے کر آرام کرنے لگا اس نے عملہ کو بتایاکہ اگر اس کا کوئی رشتہ دار یا مہمان آئے تو اسے ملوا دیا جائے۔
ایف آئی آر میں بتایاکیاکہ ابھی عامر سلیم کمرہ میں آرام کر رہاتھا کہ 6 بجے کے قریب ایک آدمی کمرہ نمبر 6میں آیااور اسے پانی کاگلاس دیا جبکہ 2نامعلوم افراد دروازے کے پاس کھڑے تھے تاہم جب پانی پینے کے بعد اسے ہو ش آیا تو پتہ چلا کہ اس کا عضو تناسل اور زبان کاٹ دی گئی ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بعض ذرائع کاکہناہے کہ واقعہ کی کہانی کچھ اور ہے جبکہ زخمی نوجوان عامر سلیم کسی لڑکی کے ہمراہ ہوٹل میں آیا تھا جہاں یہ واقعہ رونما ہو گیا۔ زخمی نوجوان عامر سلیم اور اس کے خاندان کی بعض افراد سے دیرینہ عداوت بھی بتائی جاتی ہے۔انہوںنے عضو تناسل اور زبان سے محروم متاثرہ نوجوان اور اس کے اہل خانہ کو مقدمہ کا مدعی نہ بنانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل تذکرہ ہے کہ زخمی نوجوان محمد عامر سلیم کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں طبی امداد دینے کی بجائے اسے گوجرہ روڈ جھنگ کے ایک نجی ہسپتال میں رکھاگیاہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com