ان لینڈ ریونیو کے کمشنروکلکٹر اپیلز کی کانفرنس آج طلب

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپیلوں میں پھنسے ہوئے اربوں روپے کے ریونیو کی وصولی سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو کمشنرز ان لینڈ ریونیو اپیلزاور کلکٹرز اپیلز کی کانفرنس طلب کرلی ہے۔

’’دستیاب دستاویز کے مطابق کانفرنس میں ملک بھر سے کمشنر ورکلکٹرز اپیل شرکت کریں گے جس میں ان کی کارکردگی خصوصاً ٹیکس دہندگان کے اپیلوں کے کیس نمٹانے وحاصل ہونے والے ریونیو اور 10 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا، کانفرنس میں کمشنرز اپیلز و کلکٹرز اپیلز کا اپیلوں کے کیس نمٹانے کے حوالے سے آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز کے فیلڈ افسران کے ساتھ رابطوں و کوارڈی نیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 129(2) کے تحت اسیسمنٹ بڑھانے اور ریفنڈز کو کم کرنے کے حوالے سے کارکردگی بھی زیرغور آئے گی کیونکہ اس سے بھی ریونیو متاثر ہوتا ہے۔

دستاویز کے مطابق کمشنرز کانفرنس میں ٹیکس دہندگان کے خلاف جاری کردہ ایپلٹ آرڈرزکی ٹیکس دہندگان اور کمشنرز کو فوری فراہمی و ڈلیوری، کیس نمٹانے کے حوالے سے دیے گئے اہداف کے حصول، اسیسمنٹ میں تبدیلی پرحاصل ہونے والی ٹیکس وصولیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق ایپلٹ آرڈرز کی اپیل مینجمنٹ سسٹم پر اب لوڈنگ کا بھی جائزہ لیا جائے گا کیونکہ ایف بی آر کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کمشنرز و کلکٹرز اپیلز کی جانب سے اپیلوں کے کیسوں میں جاری کیے جانے والے ایپلٹ آرڈرز کو اپیل مینجمنٹ سسٹم میں اپ لوڈ نہیں کیا جارہا جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں لہٰذا اجلاس میں کمشنرز و کلکٹرز اپیلز کو ہدایت کی جائے گی کہ جو بھی آرڈر جاری کیے جاتے ہیں وہ فوری طور پر اپیل مینجمنٹ سسٹم میں اپ لوڈ کیے جائیں۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ ایپلٹ ٹربیونلز میں ٹیکس دہندگان کی جانب سے حاصل کردہ حکم امتناع کے کیسوں کی پیروی کرکے انہیں ختم نہ کرانے کے باعث ٹیکس دہندگان اعلی عدلیہ سے رجوع کرلیتے ہیں جس کے باعث ریونیو کے کیس مقدمے بازی کی نذر ہوجاتے ہیں لہٰذا کانفرنس میں تمام کمشنرز و کلکٹرز اپیلز کے حکم امتناع کے کیسوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور جن کمشنرز و کلکٹرز اپیلز کی جانب سے حکم امتناع کے کیس کی پیروی کرکے جلد ختم نہیں کرایا جاتا ہوگا ان کے خلاف کارروائی پر بھی غور ہوگا۔

اسی طرح کمشنرز کانفرنس میں کمشنرز اپیلز کے پاس سماعت کے لیے کیسوں کی کاز لسٹ کے حوالے سے بھی غور ہوگا، کیسوں کے بارے میں ہفتہ وار بنیادوں پر کازلسٹ ایف بی آر کو اور متعلقہ آر ٹی او کو بھجوانے کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی متعارف کرائے جائیں گے، کانفرنس میں اپیلوں کے کیسوں کو مقررہ قانونی مدت کے دوران نمٹانے کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں گی۔