اندرون شہر قائم پرانامذبحہ خانہ شہری علاقہ میں بیماریاں پھیلانے کا بڑامرکز بن گیا۔

Wazirabad Map

Wazirabad Map

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) برسوں سے زیر تعمیر سلاٹر ہائوس کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ اندرون شہر قائم پرانامذبحہ خانہ شہری علاقہ میں بیماریاں پھیلانے کا بڑامرکز بن گیا۔

جناح کالونی کے رہائشیوں کا پرانے مذبحہ خانہ کو جلد ازجلد بیرون شہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 36 لاکھ روپے کی لاگت میں نیا سلاٹر ہائوس بنانے کا منصوبہ تین چار سال قبل نالہ پلکھو کے قریب شروع کیا گیا جس کی بعد ازاں تعمیر پر لاگت ایک کروڑ روپے سے بھی زائد پر پہنچ جانے کے باوجود نیا سلاٹر ہائوس آج تک چالو نہیں کیا جاسکا۔

اندرون شہر پرانے مذبحہ خانہ کی وجہ سے علاقہ میں تعفن پھیلا رہتا ہے جس کی وجہ سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ جناح کالونی کے مکینوں نے بتایا کہ بیشتر خاندان اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ کی غرض سے اس علاقہ سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔

بار بار مطالبوں کے باوجود شہر میں قائم پرانے مذبحہ خانہ کو باہر منتقل نہیں کیا جاسکا۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب ، کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے سلاٹر ہائوس کو جلد ازجلد چالو کر کے شہر میں قائم مذبحہ خانہ کو ختم کیا جائے اور صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔