اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان کے اسلام آباد واقعے سے لاتعلقی کے اظہار کے بعد یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد اب تنہا ہوتے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پمز اسپتال کے دورے اور زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، وائس چانسلر پمز نے تمام اقدامات سے آگاہ کیا اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ مجرموں کوکیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور اگر انتظامیہ کی غفلت ہوئی تو اس کی بھی بازپرس کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار طالبان نے واضح طور پر کہا کہ دھماکے سے ان کا کوئی تعلق نہیں جس سے یہ اطمینان ہوتا ہے کہ جن سے مذاکرات کر رہے ہیں وہ بھی اب ایسے واقعات کی مذمت کر رہے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے طویل عرصے تک ایسے واقعات نہیں ہوئے اور طالبان کے واقعے سے لاتعلقی کے اظہار کے بعد یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے اب تنہا ہوتے جارہے ہیں، 1999 سے قبل پاکستان ایک محفوظ ملک تھا اور ہم عوام سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ انہیں اسی طرح کا محفوظ ملک دے کر جائیں گے۔