لاہور : عائشہ خان ایڈوکیٹ ہائیکورٹ اور چیئرپرسن ہیومن رائٹس ڈیفینڈرز لائرز فورم نے کہا کہ سانحہ لاہور، سانحہ لعل شہباز قلندر ،سانحہ کوئٹہ اور اب چار سدہ میں معصوم اور بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ اسلام اور ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں درحقیقت طاقت کا غیر قانونی استعمال بیرونی جارحیت’ غیر ملکی سازشیں دہشت گردی کو پروان چڑھا رہی ہے پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی طور پر دہشت گردی کا سامنا ہے۔
مسلح افواج’ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے کافی حد تک دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے پوری قوم کی آواز ہے کہ حکومت اور فوج دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو تلاش کر کے نشان عبرت بنائیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن کو جاری و ساری رکھیں۔
معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان ہم آہنگی ‘ رواداری اور تحمل و برداشت کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک و قوم کے دشمنوں اور غیر ملکی ایجنٹوں کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔