لاہور (اقبال کھوکھر) پاکستان تحریک انصاف مینارٹی ونگ پنجاب کی صدر وممبر صوبائی اسمبلی شنیلا روت نے بندروڈ کچی آبادی کے بے گناہ مسیحی زبیر پرپولیس تشددکے بعد قتل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے ایک حالیہ بیان میں شنیلاروت نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومعاشی،معاشرتی اور سیاسی طور پر ایک سازش کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے
خاص طور پر پنجاب میںگڈ گورنس کی دعوے دار حکومت کے دور میں پولیس گردی کی ایسی مثالیں ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ صورتحال اس قدر تشویش ناک ہے کہ سرعام شریف شہریوں کو ہراساں وپریشان کرکے انہیں نجی ٹارچر سیلوں میں ماردیا جاتا ہے۔
شنیلا روت نے مطالبہ کیا کہ غریب رشید مسیح کی بیوہ کے جوان سال بیٹے زبیر کے قتل میں ملوث پولیس افراد کو نہ صرف گرفتار کیا جائے بلکہ عبرتناک سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔