اگر گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا نہ دی گئی تو تیسری جنگ عظیم چھڑ سکتی ہے۔

Lahore

Lahore

لاہور ( عرفان طاہر سے ) سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ اگر گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا نہ دی گئی تو تیسری جنگ عظیم چھڑ سکتی ہے۔ مسلمان امن عالم اور تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی تعظیم کے علمبر دار ہیں مگر مغرب کی طرف سے مسلسل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی کی گستاخیوں کی شکل میں دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل اس کے کہ دو ارب امت مسلمہ کے جذبات بے قابو ہو جائیں مغرب فی الفور تعظیم انبیاء علیہم السلام کیلئے قانون سازی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز صراطِ مستقیم تاج باغ میں تحفظِ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی پھر سے اشاعت کا باعث اسلامی دنیا پر مسلط نااہل حکمران اور بزدل رہنما ہیں آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے اسلامی دنیا میں گستاخوں کے ساتھ یکجہتی کرنے والے حکمران تو نظر آ رہے ہیں مگر کھلی گستاخی کرنے والوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والا کو ئی حکمران نظر نہیں آ رہا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ او، آئی، سی، عرب لیگ ،مسلم حکومتیں فوری طور پر یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر گستاخوں کو سزا دلوانے کیلئے دبائو ڈالے۔