کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے تمام اداروں خصوصاً بلدیاتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل تنخواہ کی پیشگی آدائیگی یقینی بنا نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کرسمس کے موقع پر حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسیحی عوام کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے مسیحی بستیوں اور چرچوں کے اطراف سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اپنے حلقہ انتخابات کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں پینے کے صاف پانی کی عوام کو فراہمی اور سیوریج سسٹم کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنا ئی جائے رکن صوبائی اسمبلی نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کرسمس کے حوالے سے مسیحی بستیوں اور چرچوں کے اطراف بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا فوری آغاز کیا جائے
اور ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے مسیحی بستیوںا ور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے مسائل کو حل کیا جائے ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مسیحی عوام کو یقین دلا یا کہ انہیں کرسمس کے موقع پر سیکورٹی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے انتظامات کئے جائیں گے۔