اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے۔ ادارے کمزور ہونے سے ملک بھی کمزور ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب سوائے کمیشن اور بزنس کے کوئی اور کام نہں کرتے، انہوں نے پشتونوں اور بلوچوں کو حقوق نہیں دیے بلکہ صرف لاہور کو ہی نوازا۔
آصف علی زرداری نے الزام عائد کیا کہ میاں صاحب کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے۔ بیوروکریسی میں ان کے عزیز اور رشتہ دار بیٹھے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں بیوروکریسی کی بغاوت کرائی جا رہی ہے جو ریاست کیخلاف بھی بغاوت ہے۔ ادارے کمزور ہونے سے ملک بھی کمزور ہو جاتا ہے۔ حکمرانوں کی ڈاؤن سائزنگ شروع ہو چکی ہے، اب یہ کوئی اقدام نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات وقت پر ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ ن سینیٹ الیکشن سے باہر نہیں ہوئی بلکہ موجود ہے، ہم سینیٹ الیکشن کے بعد ہم عام انتخابات کی طرف جائیں گے۔ ہمیں اے این پی اور مولانا فضل الرحمان کی حمایت حاصل ہے۔
لودھراں ضمنی الیکشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے میں اپنی حکومت ہو تو ووٹ لینا آسان ہوتا ہے۔ لودھراں ضمنی الیکشن کیلئے 4 ارب روپے بجٹ دیا گیا جبکہ حکومت نے گیس اور بجلی بھی دی۔
سابق صدر نے کہا کہ عالمی سطح پر ہمارے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ہم گریٹر پنجاب منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مودی پاکستان کیخلاف مسلمان ملکوں کے ساتھ مل رہا ہے۔ ہمارے دور میں بھی واچ لسٹ میں ڈالنے جیسے مسائل سامنے آئے لیکن ہم نے مذاکرات کے ذریعے ان کو حل کیا۔