کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی سے عالم اسلام میں ایک اضطراب ہے، ایک ارب سے زائدکلمہ گو پریشان اور سراپا احتجاج ہیں۔
حالات کا تقاضہ ہے کہ دنیا کو جنگ و جدل سے بچانے اور پر امن دنیا کی تعمیر کے لیے اقوام متحدہ ایسا قانون بنائے جس میں تمام انبیاء اور مذہبی شخصیات کو احترام اور تقدس حاصل ہو۔ کراچی ایئر پورٹ آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ یورپ کا ایک خاص طبقہ سیکولر ازم اور آزادی اظہار رائے کے نام پر نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتا چلا آرہا ہے اور یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔
مسلم حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ وہ ایک ارب مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے او آئی سی کا اجلاس بلا تے،سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرتے اور یورپ کو احتجاج ریکارڈ کراتے تو آج دنیا بھر میں احتجاج نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی کی وجہ سے آج پوری دنیا میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور عشق مسلمانوں کے دلوں میں ہے اگر فرانس اور یورپی ممالک کے اخبارات نے اپنا رویہ نہیں بدلا تو ہم اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بار بار خاکوں کی اشاعت کا اعلان مسلمان کی غیرت کو چیلنج ہے اور ہم اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں، ہم انتہا پسند نہیں ہیں، انتہا پسندی کا مظاہرہ یورپ نے کیا ہے، ملعون سلمان رشدی اور بنگلہ دیش کی ملعون تسلیمہ نسرین کو یورپ نے پناہ دی، یہ بھی دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے اسی لئے دنیا فساد کا مرکز بنتی ہے،یورپ اور مغرب آخرمذہب کی توہین کرنے والوں کو کیوں پناہ دیتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی اسلام آباد اور لاہور میں آئندہ جمعہ کو ملین مارچ کرے گی اور یہ کسی ایک جماعت کا پروگرام نہیں بلکہ پورے پاکستان کا پروگرام ہے، یورپ نے 15لاکھ لوگ جمع کئے تو ہم کروڑوں لوگ جمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یورپی یونین کے سفیروں اور جرمن چانسلر کوخطوط بھی لکھیں گے، آزادی اظہار رائے کا حق سب کو حاصل ہے۔
انہوں نے کراچی میں پرامن طلباء پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کی اورکہا کہ سندھ حکومت نے پُر امن طلباء کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیا ہے اور پرامن احتجاج کوپُر تشدد بنانے اور طلباء کو تشدد پر اکسانے کی کوشش کی ہے۔سراج الحق نے مظاہرے میں پولیس فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں صحافیوں اور طلباء کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی صحافی اور طلباء برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ زخمی صحافی اور طلباء کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔