لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے فوج اور حکومت دونوں کو ایک دوسرے کی پالیسویں پر تحفظات ہیں جبکہ گذشتہ دورمیں کالعدم تنظیموں کے بیالیس دہشت گردوں کو مختلف جیلوں سے رہا کیا گیا۔ لاہور میں افطار ڈنر کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار اپنا سرمایہ ملک سے نکا ل رہے ہیں۔
انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کی طرف سے گردشی قرضوں کی ادائیگی اور نندی پور پاور پراجیکٹ کی ازسرنو تعمیر کا فوری نوٹس لیں ورنہ وہ سپریم سے رجوع کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کی دہشت گردی سے متعلق پالیسی صدر مشرف اور زرداری کی پالیسیوں کا تسلسل ہے، شدت پسندی کا معاملہ صرف قوانین بنانے سے حل نہیں ہوگا۔
اسکے لیئے تمام جماعتوں کی اے پی سی بلانا پڑے گی۔ آئیندہ صدر اور گورنر پنجاب کے انتخاب کے سوال پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف صلاحیت سے زیادہ وفادری پر یقین رکھتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ آئیندہ چھ ماہ کے دوران صدر اور مسلح افواج کے سربراہ دونوں اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے گھر چلے جائیں گے۔