کراچی (جیوڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت پہلی بار 104 روپے کی سطح عبور کرگئی، ڈالر نے بھارتی روپے کو بھی بری طرح روند ڈالا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق بینکوں کے درمیان لین دین کے دوران ڈالر کی قدر 20 پیسے اضافے کے ساتھ 104 روپے 1 پیسے پر بند ہوئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 104 روپے کی سطح عبور کرگئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے اضافے کے ساتھ 104 روپے 20 پیسے پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو قرض کی واپسی اور خام تیل کی ادائیگیوں سے روپے پر دباو رہا ہے۔ دوسری طرف بھارتی روپے کی حالت اس سے بھی نازک ہوگئی ہے۔ ڈالرکے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر 4 فیصد کمی کے ساتھ 68 روپے 70 پیسے ہوگئی ہے۔ رواں سال بھارتی روپیہ تقریبا 20 فی صد کمزور پڑ چکا ہے۔