سود اور منافع کی شرح میں فرق زیادہ، اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو کارروائی کی دھمکی دیدی

State Bank

State Bank

کراچی (جیوڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ نجی شعبے کی قرض گاری اور امانتوں میں اضافہ کرنے پر توجہ دیں۔

گزشتہ روز کراچی میں اسٹیٹ بینک کے صدر دفتر میں تمام کمرشل بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کے صدور/ سی ای اوز کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تمام بینکوں کا اوسط تفاوت (average spread) بلند رہا ہے، اسے مناسب سطح پر لانا چاہیے،

اسٹیٹ بینک جون 2015 کے آخر میں پوزیشن کا جائزہ لے گا اور اس تفاوت کو کم کرنے کے لیے ضوابطی کارروائی کرے گا۔ گورنر نے بینکوں کی عملی سرگرمیوں اور کارکردگی پر تفصیل سے اظہار خیال کیا اور بینکوں کی کارگزاری بڑھانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔

اسلامی بینکوں کی صورتحال اور ان کی نفع یابی پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اسلامی بینکوں کو اپنے بڑھتے ہوئے منافع کے مطابق اپنے صارفین کو مناسب طریقے سے نفع پہنچانا چاہیے، بینکوں کو کہا گیا ہے کہ صورتحال کا خود حل نکالیں بصورت دیگر اسٹیٹ بینک مسئلے کے حل کے لیے شریعت کے مطابق ضوابط نافذ کرے گا۔