اسلام آباد (جیوڈیسک) سویلین اور فوجی قیادت میں جاری کشیدہ صورتحال کے پس منظر میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابقہ چیئر پرسن عاصمہ جہانگیر نے بدھ کے روز تجویز پیش کی ہے کہ ملکی اداروں کو انتہائی حد تک خودمختار بنانا چاہیٔے تاکہ مستقبل کے دوران ملک میں فوجی مداخلت کو روکنے میں مدد مل سکے۔
ہمیں ہموار تبدیلیوں کے لیے لاطینی امریکا کے ملکوں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ پر انہوں نے یہ بات اداروں کے مابین جاری کشمکش کے حوالے سے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہی۔
عاصمہ جہانگیر نے لاطینی امریکا کے ممالک کی مثال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیوبا، برازیل، چلی اور یوراگوئے میں تاریخ تبدیلی کی وجہ سے بظاہر دباؤ پیدا ہوا، لیکن اس کے بعد وہاں جمہوری قیادت صرف ان کے اداروں کی مضبوطی، شہری آزادیوں اوراقتصادی ترقی کے ذریعے ہی سامنے آئی۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں سول اداروں کو انتہائی حد تک خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ جب فوج کے اندر مداخلت کی خواہش پیدا ہو تو اس کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔‘‘ عاصمہ جہانگیر نے سیاسی حکومتوں اور فوجی اسٹیبلشمنٹ سے کہا کہ وہ غیر اہم معاملات پر اپنی توانائی ضایع کرنے کے بجائے قوم کو درپیش بڑے مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اداروں نے صورتحال کو انتہائی حساس بناکر پیش کیا، جیسے کہ وہ پاکدامنی کا نمونہ تھے۔