اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے اشتہاری مجرموں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ فوری طورپر بلاک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سمیت نادرا حکام نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس کے موقع پر چوہدری نثار نے اسلام آباد پولیس کو نادرا کے تعاون سے اشتہاری مجرموں کا ڈیجیٹل ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرداخلہ چوہدری نثار نے نادرا حکام کو اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے مجرموں کے خلاف فوری کارورائی کا بھی حکم دیا۔ چوہدری نثار نے حکام کو سیکیورٹی خدشات کے باعث مستقبل میں ریڈ زون میں کسی عوامی اجتماع کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی۔