کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آپریشن دس گھنٹے تک چلا وزیر داخلہ کراچی آئے لیکن ہم سے رابطہ تک نہیں کیا۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، کراچی کو بھی پاکستان کا حصہ سمجھے۔
سندھ حکومت کے اعلی عہدے داروں نے پریس کانفرنس تو بلائی تھی ائر پورٹ حملے کے بارے میں بات کرنے کے لئے لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے وفاقی حکومت سے گلے شکوے بھی کر ڈالے۔
وزیر اعلی سندھ نے شکوہ کیا کہ وزیر داخلہ کا پیغام ملا کہ وہ ائر پورٹ پر ہی اجلاس کریں گے ،لیکن کوئی رابطہ نہیں کیا انہیں چوہدری نثار علی کے شیڈول کا کوئی پتہ نہیں۔
وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ بڑا حملہ تھا لیکن وزیر داخلہ نے روٹین کا بیان دیا جبکہ وفاقی حکومت نے غیرسنجیدگی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ کراچی کو بھی پاکستان کا حصہ سمجھے۔
آئی جی سندھ اقبال محمود نے بتایا کہ آپریشن مشترکہ تھا سیکورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کی ورنہ بہت نقصان ہو سکتا تھا حملہ آوروں کے پاس بڑی مقدار میں اسلحہ تھا۔