اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسلحہ لائسنسوں کی تجدید کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ موجودہ تجدید کی مدت اکتیس دسمبر دو ہزار پندرہ کو ختم ہو گئی تھی۔
اب یکم جولائی دو ہزار سولہ کے بعد تمام مینول لائسنس منسوخ تصور ہوںگے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر دو ہزار پندرہ تک ایک لاکھ اسی ہزار اسلحہ لائسنسز کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا۔ تصدیقی عمل کے دوران آٹھ ہزار اسلحہ لائسنس جعلی ثابت ہوئے۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ جعلی لائسنسز رکھنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کئے جائیں۔ وزیر داخلہ نے نادرا اور وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کی تجدید کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے تشہری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ترجمان وزرات داخلہ کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے ای پاسپورٹ منصوبے کی بھی اصولی منظوری دی۔ ای پاسپورٹ منصوبہ دو ہزار سترہ تک مکمل طور پر فعال ہوگا۔ منصوبے کے تحت پاسپورٹ کے اندر ایک چھوٹی چپ لگائی جائے گی جس میں پاسپورٹ رکھنے والے شخص کی تمام بائیو میٹرک معلومات محفوظ ہوں گی۔
اس بائیو میٹرک چپ کے ذریعے پاسپورٹ کے حامل شخص کی تمام معلومات تک رسائی ممکن ہو گی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے امید ظاہر کی کہ ای پاسپورٹ کی مدد سے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور جعل سازی کے ذریعے بیرون ممالک جانے والوں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔