اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے 9 اور 10 محرم الحرام کو سکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران موبائل فون سروس کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کو جس صوبائی حکومت کی جانب سے درخواست موصول ہوگی وہاں اور حساس علاقوں میں محدود وقت کے لیے سروس بند کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے 32 ہزار 695 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں پاک فوج رینجرز، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور ایف سی کے ٹروپس شامل ہوں گے جو ملک کے 54 مختلف اضلاع میں فرائض انجام دیں گے جبکہ اس دوران وزارت داخلہ کے 12 ہیلی کاپٹر بھی ہائی الرٹ رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر صوبائی حکومت کو فوری طور پر تعاون فراہم کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیرا ملٹری فورسز کو 12 محرم تک انسداد دہشت گردی ایکٹ کےتحت خصوصی اختیارات بھی سونپ دیئے گئے ہیں جس کے تحت دہشت گردوں کی کارروائی روکنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کیے جاسکیں گے۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے بھی شہر میں سکیورٹی خدشات کے باعث سندھ حکومت کو 9،8 اور 10 محرم کے لیے موبائل فون بند رکھنے کی درخواست کردی ہے، پولیس کا کہنا ہےکہ شہر میں محرم کے جلوسوں پر دہشت گردی کا خدشہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے حساس علاقوں اور بالخصوص جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بند رکھی جائے۔