سب کو سیکیورٹی دی مگر مجھ سے چھین لی گئی، رحمٰن ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بطور وزیر داخلہ میں نے سب کو سیکیورٹی دی مگر مجھ سے سیکیورٹی چھین لی گئی ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو میں نے اپنے وکلا کو بتا دیا ہے کہ کن کے خلاف مقدمہ درج کرانا ہے۔

صدر آصف علی زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوں گے پیپلزپارٹی کے لئے جیلیں عدالتیں کوئی نئی چیز نہیں ہیں ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے بدھ کو سابق صدر کے ساتھ اسلام آباد آنے کے بعد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب الزام تراشی کی سیاست نہیں کرنی چاہیے، عدلیہ نے ہی سابق صدر پرویز مشرف کو وردی میں صدر کا الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی اور عدلیہ نے ہی ان کا 12 اکتوبر کا اقدام درست قرار دیا تھا جس میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بھی شامل تھے، مشرف کی بیماری اور کیس بارے حکومت ہی بہتر جواب دے سکتی ہے۔

پرویز مشرف کا تمام معاملہ عدالت پر چھوڑ دیا جانا چاہیے،اسلام آباد کے ٹھنڈے موسم میں سیاسی موسم بھی ٹھنڈا رکھا جائے، احتساب عدالت ہمارے خلاف تو کیس سنتی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ دوسرے لوگوں کے خلاف بھی کرپشن کیس سنتی ہے یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ بغیر سیکیورٹی کے یہاں کھڑے ہیں اور بغیر سیکیورٹی کے ہی اسلام آباد جائیں گے۔