کراچی (جیوڈیسک) اندرون سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سلسلہ کمزور پڑ گیا تاہم جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تربت میں سب سے زیادہ ایک سو بتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جیکب آباد میں پچھتر، ٹھٹھہ میں باون، بدین میں پچاس، لاہور میں بیالیس، چھور میں چھبیس، سکھر میں اکیس، میرپور خاص میں پندرہ، گوادر میں تیرہ اور پسنی میں گیارہ ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج رات اور کل مکران، قلات، حیدر آباد، ڈیرہ غازی خان اور دیگر مقامات پر مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ رہا۔