برسلز (پ۔ر) عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں موثر کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔
انھوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے کئی سالوں سے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے جس پر ہم پاکستان کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کرنا ہمارا فرض ہے۔ ہم یہ جدوجہد کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں کالے قوانین نافذ کررکھے ہیں جن کے ذریعے بھارتی سیکورٹی فورسز کسی بھی شخص کو بغیروجہ بتائے قید کرسکتی ہیں اور تشدد کا نشانہ بناسکتی ہیں۔انہیں ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے اب تک بڑی تعدادمیں بھارتی سیکورٹی فورسزکے ہاتھوں ماورائے عدالت مارے جاچکے ہیں۔
آج کشمیری عوام بھارتی فوج کے ہاتھوں ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو ان واقعات اور مظالم کا نوٹس لینا ہو گا۔ ہم یورپ میں پرامن جدوجہد کے ذریعے دنیاکی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروارہے ہیں تاکہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے راہ ہموارہوسکے۔کشمیرایک دیرینہ حل طلب تنازعہ ہے اور اس مسئلے کو حل کروانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آناہوگا۔علی رضاسید نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کی جدوجہد کرنے والے سیاسی رہنماووں اور کارکنوں کو رہاکیاجائے اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیرجانے کی اجازت دی جائے۔انھوں نے مزیدکہاکہ گذشتہ سال بھارتی فورسزکی طرف سے پیلٹ گن کی فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے کشمیریوں کو علاج کے لئے بیرون ممالک منتقل کیاجائے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ کانفرنسوں، سیمیناروں اور پرامن مظاہروں کے ذریعے یورپ میں کشمیر کونسل ای یو کی جدوجہد ایک عرصے سے جاری ہے۔ ایک ملین دستخطی مہم بھی کشمیرکونسل ای یو کی جدوجہد کا حصہ ہے۔ پچھلے کئی سالوں سے جاری اس مہم کے دوران اب تک کشمیرکونسل ای یو یورپ کے مختلف ملکوں میں بڑی تعداد میں لوگوں سے کشمیریوں کی حمایت میں دستخط لے چکی ہے۔