لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم نے کہا ہے کہ بورڈ کا جو چیئرمین بھی ہو وہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرتا ہے ، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلہ میں انگلینڈ سے لنکاسٹر یونیورسٹی کی ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔
کامسیٹس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر محمود بودلہ اور لنکاسٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان جوزف کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے جس سے دنیا کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔
اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اتنا آسان کام نہیں ہے مگر پی سی بی اس سلسلہ میں آئی سی سی سمیت دیگر فورمز پر اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کی تبدیلی سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہر آنیوالا چیئرمین بورڈ کی بہتری کیلئے ہی کام کرتا ہے۔
انتخاب عالم نے بتایا کہ مہمان یونیورسٹی مقامی ٹیموں کیساتھ 9 تا 12 اپریل تک میچز کھیلے گی جس کے بعد 12 اپریل کی سہ پہر لنکاسٹر یونیورسٹی اور قومی انڈر 19 ٹیم کے مابین بھی نمائشی ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائیگا۔ مہمان ٹیم کے کپتان جوزف کا کہنا تھا کہ ان کیلئے پاکستان آکر قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔