پاکستان (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہیکہ ہمسیہ ممالک سے دوستی، اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے کی ضرورت ہے، یہ بات انہوں نے دفتر خارجہ کے دورے پر کہی دفتر خارجہ کے دورے میں نواز شریف نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی ترجیحات واضح کیں اور مختلف احکامات جاری کئے، وزیر اعظم نے تجارت کے فروغ اور معاشی سفارت کاری کی ضرورت پر زور یا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے میدان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، قومی ترقی کا حصول اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا امیج بہتر بنانا ان کا بنیادی تصور ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزیر اعظم کو اس بین الاقوامی اور علاقائی ماحول سے آگاہ کیا جس میں رہتے ہوئے پاکستان اپنی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قومی سلامتی اور خارجہ امور پر وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور خارجہ امور پر وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔