بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے امام ابوحنیفہ بلاک میں فلسفہ توحید کی درست تفہیم کے موضوع پر منعقدہ سیمینار

Seminar Speech

Seminar Speech

اسلام آباد (عتیق الرحمن) علامہ محمد اقبال نے فلسفہ توحید اور اتحاد امت کی اہمیت و ضرورت کو اپنی شاعری موضوع خاص بنایا۔ڈاکٹر نبیل فولی الازہری۔علامہ محمد اقبال نے قومی ،لسانی،علاقائی تقسیمات کی نفی کرتے تھے،وہ ہمیشہ پوری ملت اسلامیہ کوتوحید کی چھتری کے نیچے مجتمع دیکھنے کی خواہش و تمنا رکھتے تھے۔

ملت اسلامیہ کو متحد کرنے کا آج بھی واحد ذریعہ صرف عقیدہ توحیدکو درست طور پر سمجھنے اور اس کے بعد عمل کرنے میں ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نبیل فولی الازہری نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے امام ابوحنیفہ بلاک میں” فلسفہ توحید کی درست تفہیم”کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کیا۔یہ سیمیناراسلامی یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کے لیے مصری اساتذہ کے انچارج ڈاکٹر خالد فوادالازہری نے ترتیب دیا۔

سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نبیل فولی الازہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی امتیازی صفت عقیدہ توحید میں پنہاں ہے،اسی لیے عامة الناس اور بالخصوص تعلیم یافتہ طبقے کو فلسفہ توحید کی درست تفہیم سے متعارف کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے،بصورت دیگر انسان کے گمراہ ہونے کے امکانات پیدا ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے معروف مفکر علامہ محمد اقبال نے مختلف زبانوں میں اپنی شاعری کے ذریعہ فلسفہ توحید کی اہمیت و ضرورت کو بڑئے جلی الفاظ میں بیان کیا،اور اسی طرح آپ نے ملت اسلامیہ کو تمام مشکلات سے نجات پانے کا جو راستہ بتایا ہے وہ بھی اسی تناظر میں ہی ہے کہ ملت متحد ہوکر اپنے موحد اور توحید پرست ہونے کا ثبوت دے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج یہ اعتراض کیا جاتا ہے کہ علامہ تو اتحاد ملت کے علمبردار تھے تو ہند کو دوحصوں میں کیوں بانٹ دیا گیا۔

یہ سوال ماضی سے تعلق رکھتا ہے یہ بات ماضی میں کی جاسکتی تھی آزادی سے قبل مگر اب ہند کی تقسیم ہوچکی اور پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اس لیے اب ضرورت یہ ہے کہ بے محل و لاحاصل سوالات میں پڑنے کی بجائے اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے اور ملت اسلامیہ کے توحد کے لیے حتی الوسع کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔پاکستانی طلبہ کو چاہیے کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری کا مطالعہ کر کے ان کی فکر کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں۔ڈاکٹر خالد فواد الازہری نے کہا کہ ہم مصری اساتذہ اسلامی یونیورسٹی کے طلبہ کی علمی ،اخلاقی ،دینی معرفت کی آبیاری کے لیے ہر ہفتے بدھ کے روز تربیتی سیمینار کا اہتمام کرتے رہیں گے اور طلبہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی علمی و فکری آبیاری کے لیے اس سیمینار میں بھر پور شرکت کریں۔سیمینار میں کلیہ اصول الدین،کلیہ شریعہ اورکلیہ عربی کے اساتذہ و طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔