نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ مستقبل میں کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کو اکھٹے نہ رکھا جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی ناکام پالیسی کے تحت اپنایا ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے اس حوالے سے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ یہ اقدام حکومت کی پاکستان کے بارے میں نئی حکمت عملی اور عوام کے جذبات کو مدنظر رکھ کر اٹھایا گیا ہے۔ اس بارے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ اگر بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو اس صورت میں کھیلنے سے گریز نہیں کیا جا سکتا۔
خیال رہے کہ اگلے سال برطانیہ میں چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے شروع ہو رہے ہیں، جس میں پاکستان اور بھارت سمیت آئی سی سی پینل میں کھیلنے والی ٹیمیں حصہ لیں گی۔