عالمی یوم خواتین کے سلسلہ میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ میں ایک سیمینار کا اہتمام

جھنگ: عالمی یوم خواتین کے سلسلہ میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر تھے۔سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجزمحمد شریف خان ،پرنسپل ادارہ ہذا مسز رضیہ خالدر ائے ، ڈاکٹر طاہرہ بتول،مسز نورین جاوید،بیگم عابدہ بشیر،مس کوثر فاطمہ،مسز طیبہ بشریٰ،مسز فرحانہ طاہراور مسز خالدہ خالدکے علاوہ اساتذہ کرام،مختلف این جی اوز سے خواتین عہدیداران ،لیڈیز سماجی ورکز اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر شاعر خواتین نے اپنی نظمیں پیش کیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں ماں کا اہم کردار ہے کیونکہ مرد کونان نفقہ کے سلسلہ میں گھر سے باہر رہنا پڑتاہے ۔ اسلام میں خواتین کو جو حقوق دیئے گئے ہیں وہ ہم مسلمان ہونے کے باوجود اپنی خواتین کو دینے کیلئے تیار نہ ہیں ۔ حکومت پنجاب خواتین کو تحفظ فراہم کرنے، ان کو جائز حقوق دلانے اور ان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔لہٰذا ہماری خواتین کو چاہیے کہ وہ ضلع کی تعمیرو ترقی اور فلاحی کاموں کیلئے آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔مسز رضیہ خالد رائے نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں بشرطیکہ ان کو مناسب ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوںنے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ خواتین کی بہتری کیلئے کی جانے والی سرگرمیوںمیں بھرپور حصہ لیں تاکہ ملک کی تعمیرو ترقی میں ان کا کردار نمایاں ہو۔اس موقع پر طالبات نے یوم خواتین کے حوالہ سے ٹیبلواور خاکے پیش کیے۔