لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ افیئرز انتخاب عالم نے عمران نذیرکو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا ہے۔
عمران نذیر نے چند روز قبل الزام لگایا تھا کہ قومی ٹیم کے سابق منیجر انتخاب عالم نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کی اجازت دینے کے لئے ان سے کمیشن طلب کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو دیکھنا ہوگا کہ کون کیا کر رہا ہے اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پاکستان کی کرکٹ مزید تباہی کی طرف جائے گی۔
عمران نذیر کے الزام کو انتخاب عالم نے اپنی کردار کشی قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا اوراس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا فیصلہ کرکٹ بورڈ کرتا ہے اس کے لئے کوئی شخص انفرادی طور پراین او سی جاری نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ انتخاب عالم پاکستان کرکٹ بورڈ میں اس وقت ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز کے عہدے پر فائز ہیں جب کہ اس سے قبل وہ قومی ٹیم کے مینیجر اور کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں جب کہ 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کوچ بھی انتخاب عالم تھے۔