اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت نے چند روز سے سرحد پر توپوں کے منہ کھول رکھے ہیں جس سے کئی گھرانوں میں صف ماتم بچھ چکی ہے۔ سیاسی رہنماؤں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کی ہے تاہم اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر متحد ہیں۔
افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث سیالکوٹ اور شکر گڑھ کے سرحدی علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پرامن اور معصوم شہریوں پر بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔
بھارتی فوجوں کی جارحیت کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا جبکہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ وزیراعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان افسوسناک واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتالوں میں ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے بھارتی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ غفلت کی نیند سے جاگے اور پاکستان کو خارجہ پالیسی تبدیل کرنا ہو گی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھارتی جارحیت کو سازش قرار دے دیا ہے۔ سیاسی رہنماؤں کے بیانات اس بات کے عکاس ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ایک ہے۔ جماعت الدعوۃ کے امیر ھافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ سرحد پر بھارتی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ انشا اللہ تعالیٰ ہم بھارت سے بدلہ لیں گے۔ بھارت کی جارحیت جاری رہی تو اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔