لاہور(خصوصی رپورٹ) کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے چیئرمین غازی شاہدرضا علوی، مرکزی صدرایم اے تبسم، کنوینئر میر افسر امان، سینئر نائب صدر عقیل خان، نائب صدر امتیاز علی شاکر، جنرل سیکرٹری فیصل اظفر علوی، چیئرمین ایکشن کمیٹی محمدوسیم نذر، فنانس سیکرٹری ساحر قریشی، سینئرکالم نویس ع ،م بدرسرحدی، ملیحہ سید، طاہر انجم، سجاد علی شاکر ودیگر نے کہا ہے کہ عدم برداشت سے معاشرہ میں بگاڑ اور بد امنی پیدا ہو رہی ہے اور لاقانونیت سے ملک غیر مستحکم ہو رہا ہے۔
حکمرانوں کے پا س عوام کو طفل تسلیاں دینے کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کو خود کشیوں کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ حکمران دنیا بھر میں کشکول اٹھائے بھیک مانگنے کی بجائے قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی ترغیب دیں۔ حکمران تباہ ہوتی معاشی صورت حال پر غور کرنے بیانات جاری کرنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں۔
موجودہ حکمرانوں نے اقربا ء پروری کی تمام حدوں کو پار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے رشتہ داروں کو نواز نواز کر میرٹ کا قتل عام کیا ہے تعلیم کا فقدان اور قومی ایجنڈا نہ ہونے کے سبب نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔تعلیمی میدان میں اگر حکمرانوں نے اپناقبلہ درست نہ کیا تو قوم مزید جہالت کی دلدل میں رہے گی۔حکومت عوام کو ان کے بنیادی حقوق دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔