دو ماہ میں دراندازی کا خطرہ، فوج الرٹ ہے: بھارتی وزیر دفاع

 Arun Jaitley

Arun Jaitley

نئی دہلی (جیوڈیسک) کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے تازہ واقعہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے خبردار کیا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میںآئندہ دو ماہ کے دوران دراندازی کا خطرہ برقرار ہے لہذا فوج کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہو گا۔

اس دوران انہوں نے واضح کر دیا کہ چینی فوج کی جانب سے مزید دراندازی کے خدشات کو لے کر بھی لداخ میں کنٹرول لائن پر فوج کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے ایک جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر خطرات موجود ہیں اور دراندازی کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے دراندازی کے لیے مجاہدوں کی ایک بھاری تعداد موجود ہے کیرن سیکٹر پر دراندازی کے تازہ واقعے کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ فوج واقعے کے بعد الرٹ ہے اور دراندازی کرنے والے دراندازوں کو ڈھونڈ نکالنے کا کام بھی جاری ہے اور بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔