کراچی(جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ایک اور اندوہناک سانحہ ہوا، پاکستان تحریک انصاف کی سینئرنائب صدرکوقتل کردیا گیاہے ۔ میں قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے مذمت کرتا ہوں اورقاتلوں کی جلدازجلدگرفتاری کابھی مطالبہ کرتے ہیں۔ایسے حالات میں زہرہ شاہد حسین کا قتل معنی خیز ہے۔
زہرہ شاہدکے قتل کے پیچھے کن لوگوں کاہاتھ ہے یہ بہت اہم ہے۔ابھی اس قتل کے بارے میں مختلف باتیں سامنے آرہی ہیں مگر تحریک انصاف کے سربراہ نے روایتی سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔عمران خان کابراہ راست الطاف حسین پرالزام لگاناچھوٹی حرکت ہے۔ الطاف حسین پر الزام لگانا ایم کیو ایم کے کارکنان کو مشتعل کرنے کے مترادف ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قومی سیاست کرنے والے لیڈر کو ایسا رویہ زیب نہیں دیتا۔ ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم عمران خان کے الزام پر ان کے خلاف ہرجانے اور فوجداری کا مقدمات بھی کریں گے۔
مقدمات امریکا اور برطانیہ میں بھی کیے جائیں گے۔عمران خان کی کم ظرفی اور چھوٹے پن سے ہمیں تکلیف ہوئی ہے۔ ہم عمران خان کے بیان کی سخت ترین مذمت کرتے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ زہرہ شاہد کے قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔