اسلام آباد (جیوڈیسک) اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر 9 اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک لگی جس میں پاناما کمیشن کیلئے موجودہ حکومتی ضابطہ کار کو مسترد کرتے ہوئے احتساب کا آغاز وزیراعظم سے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام اور ٹی او آرز پر طویل مشاورت کی گئی۔ تمام جماعتوں نے حکومتی ضابطہ کار مسترد کرتے ہوئے پاناما لیکس میں شامل افراد کیخلاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے نیا قانون بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اپوزیشن نے مشترکہ ٹی او آرز کی تیاری کیلئے اعتزاز احسن، حامد خان، مشاہد حسین، اسد اللہ بھٹو، انیسہ زیب، شیخ رشید، میاں افتخار، میر اسرار اللہ زہری اور خالد مقبول صدیقی پر مشتمل کمیٹی قائم کی جس کا اجلاس صبح گیارہ بجے اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر ہی ہوگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ موجودہ شکل میں حکومتی ٹی اور آرز قبول نہیں ہیں۔ پاناما پیپرز میں جن لوگوں کے نام ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے لیکن اس کا آغاز وزیراعظم سے ہونا چاہیے کیونکہ وہ حکمران ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی میٹنگ تھی جن میں تمام نے اپنے ٹی او آرز دیے ہیں۔ ٹی او آرز کمیٹی کا اجلاس کل پھر ہوگا۔کل کوشش کریں گے کہ ٹی او آرز کے معاملے پر حتمی فیصلہ کر لیں۔