کراچی (جیوڈیسک) ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات ایگزیکٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے کراچی میں مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ شاہد حیات نے ایف آئی اے کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ایگزیکٹ کے دفتر میں شواہد کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد حیات کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹ اسکینڈل ایک بڑا کیس ہے یہ عام کیس نہیں جس کی تحقیقات فوری طور پر مکمل کر لی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ ، موبائل اور انٹرنیشنل لنکس دیکھ کر کام کیا جا رہا ہے۔
تفتیش کے لئے کئی چیزیں تحویل میں لیں گئی ہیں جبکہ ایگزیکٹ کے ملازمین کے بیانات بھی قلم بند کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد حتمی طور پر سب کو آگاہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایگزیکٹ کے چیئرمین شعیب شیخ کا ایف آئی اے میں بیان بھی قلم بند کیا جا رہا ہے۔
شعیب شیخ بیان ریکارڈ کرانے کے لئے 6 بجے ایف آئی اے کے اینٹی ہومین ٹریفکنگ سرکل پہنچے تھے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شعیب شیخ سے جعلی ڈگریوں کے اجراء، بینک اکاونٹس کی تفصیلات سمیت دیگر حوالوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔